کراچی پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبے بنانا غیر آئینی یا غیر قانونی نہیں، چھوٹے صوبوں کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے، اس سے پورے پاکستان میں ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کراچی میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کے ریجنل آفس سندھ کا افتتاح کیا اور اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد گزشتہ 17 سال کے دوران صوبوں نے اختیارات اور فنڈز نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو جب اختیارات ملیں گے تو یہ شہر نہ صرف اپنی ترقی کرے گا بلکہ پورے ملک کی معیشت کو بھی سہارا دے سکتا ہے۔ کراچی پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ 2030 میں پاکستان دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن جائے گا، اتنی بڑی آبادی کو حکومت ملازمتیں فراہم نہیں کرسکتی، اسی لیے دنیا بھر میں حکومتیں شہریوں کو ہنر مند بناتی ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملکی معیشت میں کردار ادا کرسکیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی سالانہ 32 ارب ڈالر سے زائد ترسیلات زر بھیجتے ہیں، اگر یہ رقوم آنا بند ہوجائیں تو ملکی معیشت تباہ ہوجائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے دور میں جتنا کام کیا ہے وہ گزشتہ 50 سال کے کاموں سے زیادہ ہے، تاہم ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ پاکستان میں 9 لاکھ نرسز کی کمی ہے جبکہ بیرون ملک تربیت یافتہ نرسز کو انتہائی اچھی تنخواہیں ملتی ہیں۔ ماضی میں نرسنگ کالجز کو کاروبار بنا دیا گیا تھا، حکومت نے اس سلسلے کو روکنے کے لیے متعلقہ قانون میں تبدیلی کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الائیڈ ہیلتھ سروسز سے وابستہ لاکھوں افراد کو اپنے معاملات کے لیے اسلام آباد جانا پڑتا تھا، تاہم سندھ میں قائم ہونے والا یہ ریجنل آفس اب صوبے کا مرکزی دفتر ہوگا، جہاں تمام متعلقہ اداروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں





