ہفتہ، 17 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

خیبرپختونخوا کی حکومت کسی لٹیرے کے ہاتھ میں نہیں دیں گے، خواجہ آصف

مصنف:

سیالکوٹ: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں مولانا فضل الرحمٰن سیاسی سرگرمیوں کی قیادت کر رہے ہیں، جبکہ ملک کی معاشی اور سفارتی کامیابیوں میں فیلڈ مارشل نے اہم کردار ادا کیا ہے۔


سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ فوجی فاؤنڈیشن نے 323 ارب روپے ٹیکس ادا کیا ہے، فوجی فاؤنڈیشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے اور اس کے مقابلے میں سویلین اداروں کی صورتحال بھی دیکھی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی سویلین ادارے بدحالی کا شکار ہو چکے ہیں اور پاکستان اسٹیل ملز بند پڑی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک درست ہم سفر کا کردار ادا کیا اور سویلین و عسکری اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔ ان کے مطابق دونوں کے اشتراک کے ثمرات آنے والے دنوں میں سامنے آئیں گے۔


خواجہ آصف نے خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں صوبے میں نئی تاریخ رقم ہوگی اور خیبرپختونخوا سے متعلق قانونی و آئینی معاملات بھی واضح ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی حکومت کسی لٹیرے کے ہاتھ میں نہیں دیں گے۔پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت آج تک کسی شہید کے جنازے میں شریک نہیں ہوئی۔ انہوں نے سوال کیا کہ وہ محمود غزنوی کہاں گیا جو اسلام آباد آنے کی بات کرتا تھا؟وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ ملک میں قانونی اور آئینی بھگدڑ مچی ہوئی ہے۔ ان کے مطابق مختلف سیاسی چالیں اب کامیاب نہیں ہوں گی۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ جس ادارے پر تنقید کی جا رہی ہے، اس نے جانوں کی قربانیاں دے کر اپنی وفاداری کا ثبوت دیا ہے۔