جمعہ، 16 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

لاہور ہائیکورٹ ،بسنت کےخلاف درخواست مسترد

lahore
مصنف:

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے بسنت 2027 کے دس روزہ انعقاد کے خلاف دائر درخواست غیر ضروری قرار دیتے ہوئے مسترد کردی اور درخواست گزار کو متعلقہ نوٹیفکیشن کے ساتھ دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔


جسٹس شہرام سرور چوہدری نے شہری شاہد اسلام کی درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا ان کے پاس وہ نوٹیفکیشن موجود ہے جس کے تحت دس روزہ بسنت منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے؟ جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ریمارکس دیے کہ نوٹیفکیشن کے بغیر درخواست کیسے قابلِ سماعت ہوسکتی ہے؟عدالت نے قرار دیا کہ محض ویب سائٹ پر موجود دستاویزات کی بنیاد پر کوئی حکم جاری نہیں کیا جاسکتا۔ نوٹیفکیشن کے بغیر یہ کیسے طے کیا جاسکتا ہے کہ بسنت انسانی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے؟ عدالت نے کہا کہ متعلقہ نوٹیفکیشن پیش کیا جائے تاکہ حکومت سے پوچھا جاسکے کہ آیا یہ فیصلہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے یا نہیں۔سماعت کے دوران عدالت نے حیرت کا اظہار کیا کہ رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض کیوں نہیں لگایا۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے یہ بھی استفسار کیا کہ کیوں نہ درخواست گزار پر جرمانہ عائد کردیا جائے۔


درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ حکومت نے بسنت 2027 منانے کا اعلان کردیا ہے، تاہم اس حوالے سے ایس او پیز تیار نہیں کیے گئے۔ درخواست گزار کے مطابق 2026 میں ہونے والی بسنت کے دوران درجنوں ہلاکتیں ہوئیں، اس لیے آئندہ بسنت کے انعقاد سے متعلق اقدامات پر تحفظات ہیں۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ بسنت 2027 منانے کے حکومتی اعلان کو کالعدم قرار دیا جائے اور بسنت کا دورانیہ دس روز سے کم کرکے ایک روز کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے درخواست غیر ضروری قرار دیتے ہوئے مسترد کردی اور درخواست گزار کو متعلقہ نوٹیفکیشن کے ساتھ دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔