ہفتہ، 24 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاک بھارت جنگ میں١١ طیارے گرائے گئے،ٹرمپ پھر بول پڑے

Donald Trump
مصنف:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان 2025ء کی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ لڑائی کے دوران 11 طیارے گرائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دونوں جوہری طاقتوں کو جنگ روکنے پر آمادہ کرنے کے لیے تجارتی پابندیوں اور بھاری ٹیرف کی دھمکی دی تھی۔


فلوریڈا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دنیا بھر میں 8 جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا، لیکن اس کے باوجود انہیں نوبیل انعام نہیں ملا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹیرف کے ذریعے 8 میں سے 5 جنگیں رکوانے میں مدد کی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو خبردار کیا تھا کہ اگر جنگ نہ روکی گئی تو امریکا ان کے خلاف بھاری ٹیرف عائد کرے گا اور تجارت نہیں کرے گا۔


امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران 11 طیارے گرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں رکوانے کے معاملے میں اقوام متحدہ نے کوئی مدد نہیں کی اور تمام جنگیں رکوانا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب میں کہا کہ ایران کے معاملے کے بعد کیوبا سے بھی نمٹا جائے گا اور کسی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مارکو روبیو کو بھیجا جائے گا۔ایران سے متعلق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس کے خلاف ایک اور آپریشن کیا جا سکتا ہے اور امریکا جنگ جلد ختم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ جنگ ختم کی جائے یا ایران کو مزید کمزور ہونے دیا جائے۔ امریکی صدر نے آبنائے ہرمز کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں سے تیل کی ترسیل جاری ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ امریکا آبنائے ہرمز سے اپنی مرضی کے مطابق تیل نکال رہا ہے اور اس راستے سے آج جنگ سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیل برآمد ہو رہا ہے۔