سعودی عرب کے کنگ خالد ایئرپورٹ حملے پر پاکستان اور ترکیہ کی شدید مذمت

پاکستان اور ترکیہ نے ریاض کے ہوائی اڈے پر حوثی ملیشیا کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شہری آبادی اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ پاکستان شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کسی ہوائی اڈے کو نشانہ بنانا دہشتگردی کی گھناؤنی کارروائی، عالمی قانون کی صریح خلاف ورزی اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری آبادی اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے، ایسی کارروائیوں کو کسی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اس حملے کی واضح الفاظ میں مذمت کرے اور ایسی کارروائیوں کے خلاف دوٹوک مؤقف اختیار کرے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ سعودی عرب کے اپنی سرزمین، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت اور سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
دوسری جانب ترکیہ نے سعودی عرب کے کنگ خالد ایئرپورٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کھڑی میں سعودی عرب کےساتھ کھڑے ہیں، ترک صدارتی آفس سے جاری بیان کے مطابق عالمی برادری خطے کو مزید افراتفری سے بچانے کیلئے اقدامات کرے۔





