اتوار، 25 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سہ ملکی سیریز: پاکستان کی انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست


پاکستان نے شاداب خان کی شاندار سنچری کی بدولت سہ فریقی سیریز کے چوتھے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دیدی ہے۔

اتوار کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک وقت میں پاکستان کی نو وکٹیں 154 رنز پر گر چکی تھیں اور تماشائی بھی سٹیڈیم سے باہر جا رہے تھے۔ لیکن شاداب خان نے اپنے کریئر کی سب سے بڑی اننگز کھیل کر پاکستان کو میچ جتوا دیا۔ شاداب خان نے 11ویں نمبر پر آنے والے حارث روف کے ساتھ مل کر پاکستان کی اننگز کو آگے بڑھایا اور وکٹوں کے چاروں جانب جارحانہ سٹروکس کھیلے۔انھوں نے پانچ چھکوں اور13چوکوں کی مدد سے 96 گیندوں پر113 رنز بنائے۔ سابق کپتان بابر اعظم 10، صائم ایوب چھ، فخر زمان 10 اور حسن نواز صرف 15 رنز بنا سکے۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمی اورٹن نے 10 اوورز میں 43 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔لیام ڈاسن نے 10 اوورز میں 30 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔


پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔شاہین آفریدی کا یہ فیصلہ اس وقت درست ثابت ہوا، جب انھوں نے پہلے ہی اوور میں ٹام بینٹن کو چار رنز پر آٹ کر دیا، عرفات منہاس نے ان کا کیچ لیا۔انگلینڈ کی دوسری وکٹ بھی جلد ہی گر گئی جب 11 کے مجموعی سکور پر سابق کپتان جو روٹ بھی پانچ رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر صائم ایوب کو کیچ تھما بیٹھے۔ ایک اینڈ پر بین ڈکٹ ڈتے رہے، لیکن جب انگلینڈ کا سکور 19 ہوا تو سری لنکا کے خلاف ڈبل سنچری سکور کرنے والے کپتان ہیری بروک صرف ایک رنز بنا کر رن آوٹ ہو گئے۔


اننگز کے 10 ویں اوور میں جارڈن کوکس بھی چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم نے حارث روف کی گیند پر ان کا کیچ لیا۔ یوں پہلے پاوور پلے میں چار وکٹیں گنوانے والی انگلینڈ کی ٹیم دبا ومیں آ گئی۔لیکن بین ڈکٹ اور سیم کرن نے محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے انگلینڈ کی ڈگمگاتی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور 93 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی۔لیکن 145 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ہی اس پارٹنر شپ کا خاتمہ کیا، جب سیم کرن 42 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ نے دو چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 111 گیندوں پر 105 رنز بنائے۔ انھیں عرفات منہاس نے آوٹ کیا۔


ول جیکس نے 13، لیام ڈاسن پانچ اور جیمی اورٹن نے 10 رنز بنائے۔ ایک وقت میں انگلینڈ کی آٹھ وکٹیں 187 رنز پر گر چکی تھیں اور لگ رہا تھا کہ شاید انگلینڈ پاکستان کو 200 رنز کا بھی ہدف نہیں دے پائے گا۔ لیکن انگلینڈ کے ٹیل اینڈرز نے بھرپور مزاحمت دکھائی۔انگلینڈ کے فاسٹ بولر گس اٹیکنسن نے 28 گیندوں پر 36 رنز کی اننگز کھیلی اور انگلینڈ کے سکور کو 242 تک پہنچا دیا۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے آٹھ اوورز میں 46 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ رضا اللہ نے دو جبکہ حارث رف نے ایک وکٹ حاصل کی۔انگلینڈ کے خلاف میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 150 وکٹیں مکمل کر لی ہیں۔ انھوں نے 80 میچ کھیل کر یہ سنگِ میل عبور کیا۔


اس سے قبل پاکستان کے فاسٹ بولرز شعیب اختر اور وقار یونس نے 91 میچز کھیل کر یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔پاکستان کی جانب سے آف سپنر ثقلین مشتاق کے پاس یہ اعزاز ہے کہ انھوں نے صرف 78 میچز کھیل کر 150 وکٹیں حاصل کر لی تھیں۔واضح رہے کہ انگلینڈ کے لیے اس سیریز کے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری تھا، کیونکہ راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچز میں اسے پاکستان اور سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔سری لنکا کی ٹیم نے 429 رنز کا ہدف حاصل کر کے انگلینڈ کو حیران کیا تھا، جبکہ پاکستان نے انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔