پیر، 9 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستانی ساختہ روبوٹ ویٹریس کراچی کے ریستوران میں کھانا پیش کرنے لگیں


کراچی کے ایک نیون روشنیوں سے جگمگاتے ریستوران میں کھانے کی میزوں کے درمیان سے گزرتا ہوا ایک روبوٹ ویٹریس تازہ پیزا انتظار کرتی ہوئی ایک فیملی کی میز پر پہنچا دیتا ہے۔

دنیا بھر میں امریکا، چین اور دیگر ممالک میں تیار کیے جانے والے جدید اور تیزی سے حرکت کرنے والے انسان نما روبوٹس کے حوالے سے دلچسپی بڑھ رہی ہے، تاہم جنوبی ایشیائی ملک پاکستان میں روبوٹ عملے کا نظر آنا اب بھی ایک غیر معمولی بات ہے۔

روبوٹ ویٹریس اپنی الیکٹرانک آواز میں کہتی ہے، ’’سسلیئن(Sicilian) میں خوش آمدید، میرا نام روبیا ہے۔‘‘ اس دوران وہ اپنی سرخ ایل ای ڈی آنکھیں جھپکاتے ہوئے کھانے کے منتظر افراد کی جانب دیکھتی ہے۔

روبیہ اور اس کا ساتھی جوجو پاکستانی انجینئر سید اسامہ عزیز کی اپنی تیار کردہ تخلیقات ہیں، جو کراچی کے مشہور ریستورانوں کے منظرنامے کو سائنس فکشن فلموں جیسا نیا رنگ دے رہے ہیں۔

ان روبوٹس کے سفید گول سر اور سیاہ رنگ کے چہرے کے حصے ہیں، جو موٹر سائیکل کے ہیلمٹ سے مشابہت رکھتے ہیں، جبکہ ان کی گردنوں کے گرد سیاہ شالیں ہیں، جو خطے میں خواتین کے دوپٹے کے انداز میں پہنی جاتی ہیں۔

سید اسامہ عزیز، جو دی سسلیئن ریستوران کے بانی بھی ہیں نے زیادہ تر مقامی طور پر تیار کردہ پرزوں کی مدد سے یہ مشینیں تیار کی ہیں۔ انہوں نے اپنے لیبارٹری میں ان کے سرکٹ بورڈز ڈیزائن کیے اور ان کی پروگرامنگ بھی خود کی۔ انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ روبوٹس بنانے کے لیے درکار آلات اور دیگر ضروری اشیا یہاں اتنی آسانی سے دستیاب نہیں ہیں، اس لیے ہمیں ان کا انتظام خود کرنا پڑا۔

یہ دونوں روبوٹس ان کی روبوٹکس کمپنی کوبوٹ کے ذریعے تیار کیے گئے، جس میں ان کے دوستوں نے بھی مدد کی، جبکہ بعض الیکٹرانک پرزے بیرون ملک سے درآمد کیے گئے۔

خاص طور پر چین اور مشرقی ایشیا کے دیگر ممالک میں روبوٹس تیزی سے عام ہوتے جا رہے ہیں، جہاں وہ چین ریستورانوں میں صارفین تک کھانا پہنچانے کے علاوہ صفائی کرنے اور ہوٹلوں میں مہمانوں کا استقبال کرنے جیسے دیگر کام بھی انجام دے رہے ہیں۔

تاہم پاکستان میں یہ اب بھی ایک نئی اور حیران کن چیز ہیں، جہاں اسامہ عزیز کے مقامی طور پر تیار کردہ روبوٹس متجسس صارفین کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔

جب یہ روبوٹس کسی میز پر پہنچتے ہیں تو صارفین کو یا تو خود ان کی ٹرے سے کھانا اٹھانا پڑتا ہے یا پھر ریستوران کے انسانی عملے کے کسی رکن کی مدد کا انتظار کرنا ہوتا ہے۔