وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے کا اضافہ روکا گیا، علی پرویز

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ جمعے کو پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 15 روپے اضافے کا امکان تھا، تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر یہ بوجھ آئل ریفائنریز نے برداشت کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد میں وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا وزیراعظم کی ترجیح ہے۔ آئل ریفائنریز نے پیٹرول کی قیمت کو قابو میں رکھنے کے لیے حکومت کا ساتھ دیا اور 15 ارب روپے کا اضافی بوجھ خود اٹھانے پر آمادگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ریفائنریز نے حالیہ عرصے میں نمایاں منافع کمایا ہے اور حکومت ان کے تعاون کی شکر گزار ہے۔
وزیرِ پیٹرولیم کے مطابق خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں، ترسیل اور انشورنس کے اخراجات بڑھ گئے ہیں۔ پیٹرول پر پریمیئم جنگ سے پہلے 5 ڈالر فی بیرل تھا، جو بڑھ کر 20 ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی ریفائنریز ملک کی تقریباً 30 فیصد پیٹرول کی ضروریات پوری کرتی ہیں، جبکہ ڈیزل کی قیمت کے لیے خام تیل پر مبنی فارمولا طے ہے۔
علی پرویز ملک نے واضح کیا کہ ایل پی جی کی قیمت 700 روپے فی کلو تک پہنچنے کی اطلاعات درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے تحفظ اور ریلیف کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ آبنائے ہرمز کے قریب پاکستان آنے والے ایل این جی جہاز پر حملے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور یہ حملہ آبنائے ہرمز میں داخل ہونے سے پہلے ہوا تھا۔
مزید پڑھیں




