این سی سی آئی اے کا نام تبدیل کرکے سائبر پولیس رکھنے کی تجویز

این سی سی آئی اے کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کی تیاری، ادارے کا نام تبدیل کرکے سائبر پولیس رکھنے اور اسے محکمہ پولیس کے ساتھ ہائبرڈ ماڈل پر چلانے کی تجویز دی گئی ہے۔
تجاویز کے مطابق ہر ضلع میں سائبر پولیس اسٹیشن قائم کیے جائیں گے، جہاں ڈپٹی ڈائریکٹر کی جگہ ایس ایچ او تعینات ہوگا۔ بڑے اضلاع میں ایس پی اور ڈی ایس پی رینک کے افسران تعینات کرنے کی تجویز ہے۔
لاہور کے ہر پولیس ڈویژن میں سائبر پولیس اسٹیشن قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ لاہور میں سائبر پولیس کیلئے ایک ایس ایس پی اور دو ایس پی تعینات ہوں گے تجاویز کے مطابق این سی سی آئی اے کی موجودہ عمارتوں کو سائبر پولیس اسٹیشنز میں تبدیل کیا جائے گا، جبکہ چھوٹے اضلاع میں ڈی ایس پی رینک کا افسر سائبر پولیس اسٹیشن کی نگرانی کرے گا۔
سائبر کرائم سے نمٹنے کیلئے پولیس اور سائبر پولیس کا مشترکہ نظام متعارف کرانے جبکہ سائبر کرائم تحقیقات کو ضلعی پولیس کے نظام سے جوڑنے کی بھی تجویز دی گئی ہے ڈی جی این سی ای آئی اے کی جانب سے تجاویز وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہیں، سائبر پولیس کے حوالے سے حتمی منظوری وزارت داخلہ کی جانب سے دی جائے گی۔




