بھارتی ہاکی ٹیم کے رواں سال پاکستان کے دورے کے قوی امکانات

بھارت کی ہاکی ٹیم کے رواں سال پاکستان کے دورے کے قوی امکانات پیدا ہوگئے۔ پاکستان اس سال شنگھائی تعاون کانفرنس کے تحت اسلام آباد میں ایس سی او ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا جس میں بھارت سمیت ایس سی او رکن ممالک کی شرکت متوقع ہے۔
دفتر خارجہ کے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ایس سی او ہاکی ٹورنامنٹ 20 نومبر سے 2 دسمبر 2026 تک اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔
ایس سی او رکن ممالک کے وفد نے اسلام آباد میں نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں ٹورنامنٹ کے انعقاد کے انتظامات اور ایونٹ کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وفد میں بھارت کے ایس سی او کوآرڈی نیٹر بھی شامل تھے جنہوں نے دیگر رکن ممالک کے نمائندوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے مجوزہ وینیو اور وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان اور بھارت سمیت 10 ممالک شامل ہیں اور رکن ممالک کی ہاکی ٹیموں کو ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے۔ بھارت کی جانب سے شرکت کی تصدیق ہونے کی صورت میں بھارتی ہاکی ٹیم رواں سال پاکستان کا دورہ کرے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایس سی او ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے متعلقہ ممالک کی ہاکی فیڈریشنز کو خطوط ارسال کردیے ہیں اور انہیں اپنی ٹیموں کی شرکت کی تصدیق کے لیے 10 اکتوبر تک کا وقت دیا گیا ہے۔
بھارتی ٹیم کی شرکت کی حتمی تصدیق ابھی ہونا باقی ہے، تاہم بھارتی ایس سی او کوآرڈی نیٹر کے وینیو کے دورے کے بعد بھارتی ہاکی ٹیم کے پاکستان آنے کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں
مزید پڑھیں





