طلاق کے کاغذات پر دستخط کے لیے بہنوئی اغوا، 3 ملزمان گرفتار

لاہور: بہن کو شوہر سے طلاق دلوانے اور مبینہ طور پر طلاق کے کاغذات پر زبردستی دستخط کرانے کے لیے بہنوئی کو اغوا کرنے کے معاملے میں لاہور پولیس نے قصور میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی شفقت علی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا، جبکہ تین مبینہ اغوا کاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مرکزی ملزم علی اسد نے ساتھیوں کے ہمراہ اپنے بہنوئی شفقت علی کے اغوا کا منصوبہ بنایا۔ الزام ہے کہ مغوی کو طلاق کے کاغذات پر دستخط کرانے اور جہیز کا سامان واپس لینے کے لیے اغوا کیا گیا تھا۔پولیس کو 21 ستمبر کو مانانوالہ بیدیاں روڈ سے شفقت علی کے اغوا کی اطلاع 15 پر موصول ہوئی، جس کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی ہدایت پر ایس پی کینٹ کی نگرانی میں دو خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔پولیس ٹیموں نے مغوی کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج، موبائل لوکیشن اور کال ڈیٹا ریکارڈ سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان شناخت چھپانے کے لیے گاڑی پر مختلف جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرتے رہے۔
ملزمان کی لوکیشن قصور میں ٹریس ہونے پر پولیس نے ان کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پارٹی پر مبینہ طور پر براہِ راست فائرنگ کردی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔کارروائی کے دوران پولیس نے تین مبینہ ملزمان علی اسد، مظفر علی اور فقیر علی جٹ کو گرفتار کرکے مغوی شفقت علی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا سابقہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈکیتی سمیت دیگر وارداتوں میں مبینہ ملوث ہونے کے حوالے سے بھی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مزید پڑھیں





