منگل، 3 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

امریکہ 2026 کے اختتام پر اسرائیل کو چار ارب ڈالر کی فوجی امداد بند کر دے گا، ٹرمپ

Donald Trump

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نتن یاہو کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت واشنگٹن اس سال کے اختتام کے بعد اسرائیل کو دی جانے والی چار ارب ڈالر کی امداد بند کر دے گا۔

فاکس نیوز کے پروگرام فاکس اینڈ فرینڈز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، اسرائیل کو اب اس امداد کی ضرورت نہیں ہے اور یہ کہ بعض ڈیموکریٹس اور بائیں بازو کے سیاست دان امریکی مالی معاونت کو ریپبلکنز پر تنقید کرنے کے لیے بطور ایک موضوع استعمال کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے فاکس اینڈ فرینڈز کو بتایا، "جہاں تک اسرائیل کو ادائیگیوں کا تعلق ہے تو نیتن یاہو نے اور میں نے ایک معاہدہ کیا ہے - ہم اسرائیل کو سالانہ 4 ارب ڈالر دیں - اور ہم نے مہینوں پہلے یہ طے کر لیا تھا کہ اسے بند کر دیں۔"

انہوں نے کہا، "ہم پہلے ہی اس بات پر متفق ہو چکے ہیں کہ اس سال کے اختتام تک اسرائیل کو ادائیگی نہیں کریں گے۔ البتہ اگر اسے ضرورت ہوئی تو ہم مدد کریں گے۔"

ٹرمپ کے ان تبصرون پر تتن یاہو کے دفتر سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

یہ فوراً واضح نہیں ہو سکا کہ ٹرمپ کس مخصوص فنڈنگ کی بات کر رہے تھے۔ ایک مفاہمتی یادداشت کی 2028 میں مدت پوری ہو رہی ہے جس کے تحت امریکہ اسرائیل کو سالانہ 3.8 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کرتا ہے اور اس پر مذاکرات جاری ہیں کہ اس تاریخ کے بعد اسرائیل کے لیے واشنگٹن کی معاونت کس نوعیت کی ہو گی۔

منگل کے روز ٹرمپ نے مزید کہا، "وہ جو چاہیں خرید سکتے ہیں۔ اور ایسا ہی یورپ بھی کر سکتا ہے۔ ہم دنیا کے بہترین ہتھیار بناتے ہیں۔"

نتن یاہو نے مئی میں سی بی ایس کو ایک انٹرویو میں یہ امید ظاہر کی تھی کہ ایک عشرے کے اندر اسرائیل کو امریکی فوجی معاونت پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ جون میں امریکی کانگریس کے ایک رکن کو خط میں انہوں نے لکھا تھا، وقت آگیا ہے کہ اسرائیل "امداد وصول کرنے والے ملک سے شراکت دار ملک بن جائے۔"

ڈیموکریٹک ووٹرز کے درمیان اسرائیل کی حمایت میں نمایاں کمی آئی ہے اور اسرائیل پر تنقید کرنے والے امیدوار ابتدائی ڈیموکریٹک انتخابی مقابلوں میں کامیاب ہو رہے ہیں حتیٰ کہ اعتدال پسند قانون ساز بھی اب اسرائیل کے لیے عشروں پر محیط امریکی حمایت کو چیلنج کرنے کے لیے زیادہ آمادہ نظر آتے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا، "بائیں بازو کے لوگ چار ارب ڈالر کی ادائیگی کو جس سے سب واقف ہیں اور جو کوئی راز نہیں ہے، ناانصافی کی علامت کے طور پر پیش کرتے ہیں اور ہم ایسا نہیں ہونے دے سکتے۔"

انہوں نے کہا، "ہم انہیں چار ارب ڈالر دے رہے تھے اور اب بھی دے رہے ہیں لیکن سال کے آخر میں یہ سلسلہ بند ہو جائے گا۔ کیوں؟ کیونکہ انہیں اس کی ضرورت نہیں ہے۔"

مزید پڑھیں