طالبہ لائبہ کے ساتھ ویزا فراڈ کرنے والا ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

اسلام آباد میں اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکا جانے کی خواہشمند طالبہ لائبہ اعجاز کی مبینہ خودکشی کے مقدمے میں نامزد ملزم محمد نعمان پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا اور اسپتال میں دم توڑ گیا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم زیرِ حراست ملزم محمد نعمان کو اس کی نشاندہی پر برآمدگی کے لیے لے جا رہی تھی کہ تھانہ رمنا کی حدود میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے اسے چھڑوانے کی کوشش میں پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔
ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران محمد نعمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہوا۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے، جب کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق محمد نعمان تھانہ رمنا کی حدود میں لائبہ اعجاز کی مبینہ خودکشی سے متعلق مقدمے میں نامزد تھا۔



