Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

میڈیکل کالج میں 5 روز کے دوران 2 پوسٹ گریجویٹ طالبات کی خودکشی

suicide

بھارت کے آندھرا میڈیکل کالج میں 5 روز کے دوران 2 پوسٹ گریجویٹ طالبات کی مبینہ خودکشی کے واقعات کے بعد پولیس اور محکمۂ طبی تعلیم نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔


پہلا واقعہ 24 ستمبر کو پیش آیا، جب ایم ڈی جنرل میڈیسن کے آخری سال کی طالبہ ڈاکٹر پی سیلجا رام نگر میں اپنی رہائش گاہ پر پھندے سے لٹکی ہوئی پائی گئیں۔


پولیس کے مطابق اہل خانہ نے بتایا کہ سیلجا جاری امتحانات میں اپنی کارکردگی سے پریشان تھیں اور امتحا نات سےمتعلق دباؤ ان کی موت کا ایک سبب ہوسکتا ہےواقعے پر ان کے والد کی شکایت کی بنیاد پر مقد مہ درج کرکے تحقیقات جاری ہیں۔


اس واقعے کے صرف 4 روز بعد، 28 ستمبر کی صبح آندھرا میڈیکل کالج کی ایک اور پوسٹ گریجویٹ طالبہ وائی شراونی اپنی کرائے کی رہائش گاہ پر مردہ پائی گئیں۔


پولیس نے جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے کنگ جارج اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق شراونی کا تعلق حیدرآباد سے تھا اور وہ کالج کے شعبۂ ای این ٹی میں پہلے سال کی پو سٹ گریجویٹ طالبہ تھیں, شراونی نے ایک نوٹ بھی چھوڑا،جس میں کسی کو اپنی موت کا ذمہ دار نہ ٹھہر انے کی بات لکھی گئی تھی۔


مسلسل 2 واقعات کے بعد آندھرا پردیش کے وزیر صحت ستیہ کمار یادو نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن اے وشو وردھن کو تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔


دوسری جانب آندھرا میڈیکل کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طلبہ کے لیے باقاعدگی سے کونسلنگ کا انتظام کیا جارہا ہے۔ انتظامیہ نے طلبہ اور والدین پر بھی زور دیا ہے کہ مشکلات کا سامنا ہونے کی صورت میں کالج حکام کو فوری طور پر آگاہ کریں۔


دونوں واقعات کے مکمل پس منظر اور وجوہات کا تعین پولیس اور محکمۂ طبی تعلیم کی جاری تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔