Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

گرین ٹریکٹر پروگرام فیز فور، مریم نواز نے ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا آغاز کردیا

Punjab CM Orders Priority Resolution of Widows’ Property Cases | Baaghi TV

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گرین ٹریکٹر پروگرام فیز فور کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کرکے باقاعدہ افتتاح کردیا، جبکہ گرین ٹریکٹر پروگرام فیز فائیو کے لیے ایپلی کیشن پورٹل بھی لانچ کردیا گیا۔

مریم نواز شریف نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں بٹن دبا کر ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت فراہم کیے جانے والے ٹریکٹرز کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے مقامی طور پر تیار کردہ 90 ہارس پاور اور مقامی طور پر اسمبل شدہ 100 ہارس پاور کے ٹریکٹرز دیکھے اور ان پر اظہار اطمینان کیا۔

گرین ٹریکٹر سکیم فیز فور کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی میں پہلا ٹریکٹر اٹک کے مسعود خان ولد لال خان کے نام نکلا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو گرین ٹریکٹر پروگرام فیز فور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر زراعت عاشق کرمانی نے وزیراعلیٰ کو پروگرام کے مختلف مراحل، موصول ہونے والی درخواستوں اور ٹریکٹرز کی فراہمی سے متعلق آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کاشتکاروں کو دو مراحل میں مجموعی طور پر 19 ہزار 500 گرین ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے۔ گرین ٹریکٹر فیز فور میں 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز دیے جائیں گے، جن پر حکومت پنجاب فی ٹریکٹر 7 لاکھ 50 ہزار روپے سبسڈی فراہم کرے گی۔

بریفنگ کے مطابق گرین ٹریکٹر پروگرام کے لیے 17.6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ گرین ٹریکٹر پروگرامز کے تحت کسانوں کو فی ٹریکٹر 10 لاکھ روپے تک سبسڈی کے ساتھ اب تک 24 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے جا چکے ہیں۔ گرین ٹریکٹر سکیم میں بھکر، جھنگ، لودھراں، وہاڑی سمیت جنوبی پنجاب کے اضلاع کا تناسب زیادہ ہے، جبکہ ہر ضلع میں ٹریکٹرز کا کوٹہ کاشت شدہ اراضی کے تناسب سے مقرر کیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گرین ٹریکٹر سکیم کے لیے 5 ایکڑ یا اس سے زیادہ زرعی اراضی کے مالک کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہیں۔ پروگرام کے لیے 2 لاکھ 13 ہزار 637 سے زائد کسانوں نے درخواستیں جمع کرائیں، جبکہ پی ایل آر اے اور نادرا سے تصدیق کے بعد 1 لاکھ 28 ہزار 757 اہل کاشتکاروں کو قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گرین ٹریکٹر پروگرام فیز فائیو کے لیے ایپلی کیشن پورٹل بھی لانچ کردیا۔ بریفنگ کے مطابق فیز فائیو میں 75 سے 125 ہارس پاور کے 9 ہزار 500 ہائی پاور ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے اور ہر ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ 90 ہارس پاور کے ٹریکٹرز کی مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ جبکہ 100 ہارس پاور کے ٹریکٹرز کی اسمبلنگ شروع ہوئی ہے۔ مقامی طور پر تیار کردہ 5 ٹریکٹرز بھی وزیراعلیٰ گرین ٹریکٹر سکیم میں شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو بتایا گیا کہ گزشتہ 20 سال کے دوران کسانوں کے لیے 10 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے گئے، جبکہ ڈھائی سال میں 35 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ 20 سال میں ایگریکلچر میکانائزیشن پر 3 ارب روپے خرچ ہوئے، جبکہ ڈھائی سال میں اس مقصد کے لیے 20 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں۔


بریفنگ کے مطابق سی ایم گرین ٹریکٹر سکیم کی بدولت پنجاب میں ٹریکٹر سازی کی صنعت اور ٹریکٹرز کی خرید و فروخت میں واضح اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کاشتکار میرے بھائی، کاشتکار ہمارے محسن ہیں۔ حکومت پنجاب کسانوں کی خوشحالی اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL