وزیراعظم کا صومالیہ میں جاں بحق 3 پاکستانیوں کے لواحقین کیلیے امداد کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں اغوا کے دوران جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانیوں کے لواحقین کے لیے فی خاندان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالی امداد، بچوں کے مفت تعلیمی و طبی اخراجات اور گھر دینے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور والد کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔
شہباز شریف نے کہا کہ صومالیہ میں بازیابی کے دوران جاں بحق ہونے والے تینوں پاکستانی شہریوں سید کاشف عمر، محمود احمد انصاری اور رفیع اللہ خان کے خاندانوں کو حکومت کی جانب سے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے فی خاندان مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے جاں بحق پاکستانیوں کے بچوں کو حکومت کی جانب سے مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ ہر خاندان کو گھر دینے کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، حکومت ہر ممکن تعاون اور معاونت فراہم کرے گی۔
انہوں نے وزارت خارجہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ صومالی حکام اور دیگر فریقین سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں جلد از جلد پاکستان منتقل کرنے کے اقدامات تیز کیے جائیں۔
وزیراعظم نے صومالیہ میں زخمی ہونے والے پاکستانیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور دیگر پاکستانی عملے کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے بھی تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ صومالیہ میں پانچ ماہ تک یرغمال بنائے گئے جہاز آنر 25 کی بازیابی کے لیے صومالی فورسز کے آپریشن کے دوران پانچ افراد جاں بحق ہوئے تھے، جن میں تین پاکستانی شہری بھی شامل تھے۔
مزید پڑھیں




