کورونا وبا:اجے دیوگن کا ممبئی میونسپل کارپوریشن کو ایک کروڑ روپے کا عطیہ

0
61

بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری تباہ کن لہر کا شکار مریضوں کی مدد کے لئے سلمان خان ، اکشے اور سشمیتا کے بعد اجے دیوگن بھی میدان میں آگئے-

باغی ٹی وی : بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری تباہ کن لہرپر قابو پانے کی کوششوں میں بالی ووڈ اداکار بھی اپنا حصہ ڈالنے لگے۔

اس حوالے سے سُپراسٹار اجے دیوگن نے عارضی کورونا آئی سی یو کے قیام کے لیے ممبئی میونسپل کارپوریشن کو ایک کروڑ روپے کا عطیہ دیا۔

اجے دیوگن فاؤنڈیشن کی جانب سے دیے گئے عطیے سے ممبئی کے پی ڈی ہندوجا اسپتال کے باہریہ عارضی آئی سی یو بنایا گیا ہے۔

شیوا جی پارک میں بنایا گیا یہ آئی سی یو آکسیجن سمیت تمام ضروری آلات سے لیس ہے۔ اس بابت مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے اسپتال کورونا کے مریضوں سے بھر چکا تھا اورعارضی آئی سی یو وارڈ کی اشد ضرورت تھی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سلمان خان اور ان کی فاؤنڈیشن نے گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی کورونا کیخلاف فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز میں امدادی سامان تقسیم کیا سلمان خان امدادی سامان کی تقسیم سے قبل خود اس کو چیک کرنے پہنچے اور اپنی ٹیم کا حوصلہ بھی بڑھایا۔

گزشتہ دنوں نئی دہلی کے اسپتال میں کورونا مریضوں کیلئے آکسیجن کی کمی کی خبریں سامنے آنے پر پورے بھارت میں بھونچال مچ گیا تھا تاہم اس نازک موقع پر اداکارہ سشمیتا سین پیچھے نہ رہیں اور ممبئی میں ہوتے ہوئے دہلی کے اسپتال کیلئے آکسیجن کی فراہمی میں مدد کی۔

جبکہ اداکار اکشے کمار نے کورونا ریلیف ورک کے لیے کرکٹر گوتم گمبھیر کی این جی او کو ایک کروڑ روپے د ینے کا اعلان کیا تھا-

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وبا کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی اور صحت کے نظام پر دباؤ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں کے دوران اسپتالوں میں بستر اور آکسیجن نہ ملنے کی وجہ سے سیکڑوں افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔

نئی دہلی اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی، سشمیتا سین مدد کے لئے سامنے آگئیں

Leave a reply