کراچی:مشہور ترک سیریز ارطغرل کے ستاروں مسٹرکنگیز کوسکن المعروف ترگت الپ اورنورتین سونمیزالمعروف بامسی بے نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی مقصود احمدنے انکا استقبال کیا۔
اداکاروں نے ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی کے ہمراہ ایس ایس یو کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے ایس ایس یوکی موجودہ پیشہ وارانہ مہارت اورانتظامات کی تعریف کی۔
ڈی آئی جی مقصود احمد نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں پہلی مرتبہ ایس ایس یو سندھ پولیس میں S.W.A.T ٹیم قائم کی گئی ہے جس میں کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز تربیت یافتہ اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں۔یہ ٹیم کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔
مہمانوں نے ایس ایس یو کے انتظامی، سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی امور میں اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کو سراہا اوراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کی طرف سے دی گئی پر تپاک مہمان نوازی پر بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں۔
اداکاروں نے S.W.A.T ٹیم کی جانب سے دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے مشقوں کا مشاہدہ کیا۔
بعدازاں ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈایمرجنسی سروسزڈویژن نے مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔