قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے قریبی ساتھی خان اعظم خان عبدالقیوم خان کی 121 ویں سالگرہ

0
36

تحریک پاکستان کے صف اول کے رہنماء اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے قریبی ساتھی خان اعظم خان عبدالقیوم خان کی 121 ویں سالگرہ پورے مُلک کی طرح عارف والا میں بھی جوش و جذبہ سے منائی گئی۔ اس سلسلہ میں پاکستان مسلم لیگ (قیوم) ضلع پاکپتن کی جانب سے مقامی ریسٹورنٹ میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔

سالگرہ کی پُروقار تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (قیوم) ساہیوال ڈویژن کے صدر سید امتیاز الحسن گیلانی جنرل سیکرٹری چوہدری جاوید اقبال، مسلم لیگ قیوم یوتھ ونگ کے ڈویژنل صدر چودھری اسد اقبال ایڈووکیٹ، چوہدری عدنان ایڈووکیٹ ، بہاولپور ڈویژن کے صدر پیر علی محمد چشتی۔ بہاولنگر سے میاں محبوب سکھیرا نے خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب کے میزبان اور مسلم لیگ قیوم ضلع پاکپتن کے صدر چودھری ندیم گوہیر، جنرل سیکرٹری میاں عنصر وٹو اور سیکرٹری اطلاعات سید غضنفر عباس بخاری بھی شریک ہوئے۔

تقریب میں خان عبدالقیوم کی قومی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ خان عبدالقیوم خان نے پاکستان کی تعمیر میں جو کردار ادا کیا اُنکا متبادل کوئی نہیں ہے انکی قومی خدمات تاریخ کے سنہری حروف سے لکھی جا چکی ہیں۔ سید امتیاز الحسن گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خان عبدالقیوم کے بغیر پاکستان کا نقشہ مکمل نہیں ہو سکتا تھا انہوں نے ریفرنڈم جیت کر گلگت بلتسان اور صوبہ سرحد کو پاکستان میں شامل کیا اور مقبوضہ کشمیر میں قبائلی بھیج کر کشمیر کا ایک حصہ آزاد کروایا۔

ڈویژنل صدر بہاولپور پیر علی احمد چشتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خان عبدالقیوم خان جیسی شخصیت صدیوں بعد پیدا ہوتی ہے پاکستان کی آزادی کے بعد پاکستان کی تعمیر و ترقی میں انکی خدمات آج بھی سر بلند ہیں۔اُنہوں نے کہا 1970 کے انتخابات میں خان اعظم کی قیادت میں پاکستان مسلم نے 40 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

چودھری ندیم احمد گوہیر ضلع صدر پاکپتن نے کہا کہ خان عبدالقیوم خان کی قومی خدمات سے پاکستان کی بنیادیں تعمیر ہوئیں انہوں نے وزیر داخلہ کی حیثیت سے پاکستانی پاسپورٹ کو عام کیا چودھری ندیم احمد گوہیر نے مزید کہا کہ نئی نسل کو قائد اعظم کے سچے ساتھیوں کے کردار اور انتھک قومی خدمات سے ۤآگاہ کرنا ضروری ہے۔ پاکستان کے موجودہ سیاسی حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان کو دُنیا میں تنہا کرنے کے ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی کو خالص قومی مفادات میں ڈھالنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ قیوم کے مرکزی صدر سید فقیر حسین شاہ بخاری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان میں امن و خوشحالی کیلئے دُعا کی گئی اور خان عبدالقیوم خان کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔

Leave a reply