خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 10 خوارج ہلاک، 6 جوان شہید
دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 سے 17 ستمبر 2026 کے دوران خیبر پختونخوا میں مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنتہ الخوارج کے 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ 6 جوانوں نے وطن کے دفاع میں جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ہنگو میں ہونے والی ایک اور جھڑپ کے دوران سکیورٹی فورسز نے مزید 4 خوارج کو ہلاک کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق 17 ستمبر کو سکیورٹی فورسز کے قافلے کو دیسی ساختہ بارودی سرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 6 بہادر جوانوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہادت قبول کی۔ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظور کردہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں کی یہ قربانیاں ہر قیمت پر ملک کے تحفظ اور سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں
مزید پڑھیں


لندن سے بنگلہ دیش جانے والی پرواز میں مسافرلڑ پڑے

بھنگ کی کاشت ، لائسنس کے لیے 75 درخواستیں موصول


