میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق لغاری)پولیس نے مقتول صحافی نصراللہ گڈانی قتل کیس کا ایک ملزم گرفتارکرلیا۔دوسری طرف شہید صحافی نصر اللہ گڈانی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا گیا

میرپور ماتھیلو میں قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے صحافی کے قتل کیس میں ملوث ایک ملزم کو پولیس نے یارو لوند کے علاقے سے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے صحافی کے قتل میں استعمال موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی جب کہ ملزم کو تفتیش کےلیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیاہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جارہے ہیں، جلد ہی نصراللہ گڈانی قتل کیس میں ملوث دیگرملزمان کو بھی گرفتار کرلیں گے۔

یاد رہے کہ میرپور ماتھیلو سے تعلق رکھنے والے صحافی نصراللہ گڈانی پر 21 مئی کو فائرنگ کی گئی تھی جس کے بعد انہیں علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔

دوسری طرف شہید صحافی نصر اللہ گڈانی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا گیا ، صحافیوں اور سول سوسائٹی اور شہریوں نے ایس ایس پی آفس کے سامنے قومی شاہراہ پر دھرنا دے دیا

دھرنا شہید نصر اللہ گڈانی کی والدہ بچوں اور شہید نصر اللہ گڈانی پریس کلب کے صدر کی قیادت میں دیا گیا ہے ، دھرنے کے باعث سندھ اور پنجاب کی طرف جانب والی ٹریفک مکمل معطل ہو گئی، مسافر سخت پریشان ، مسافر اور مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں

مظاہرین کاکہناتھاکہ 16 دن ہو گئے ہیں ابھی تک حملہ آورا دہشتگرد گرفتار نہیں کیئے گئے ہیں، پولیس پر اعتماد نہیں ہے جے آئی ٹی بھی بے سود ثابت ہوئی اس لئے عدالتی کمیشن بنایا جائے ، قاتلوں اور سہولت کاروں کو فوری گرفتار کیا جائے

Shares: