اسلام آباد(باغی ٹی وی) تحریک انصاف کی رہنما و سابق وفاقی وزیر زرتاج گل نے حکومت پر آئین سے کھلواڑ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 17 سیٹوں والی حکومت کو طول دینے کے لیے ہر حد پار کی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عدلیہ، صحافیوں اور سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنایا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے نہ آئین محفوظ ہے، نہ صوبے اور نہ کوئی سیاسی جماعت۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد سپریم کورٹ، ججز اور بینچز کو متنازع بنا دیا گیا، ملک کو سنگین بحران کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، اب وکلا کو بھی مقدمات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ سیاسی نظریات مختلف ہوسکتے ہیں، اگر کوئی جماعت پی ٹی آئی کے ساتھ بیٹھتی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ نظریہ بدل گیا، گرینڈ الائنس کی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے عوام کو پی ٹی آئی کا ساتھ دینا ہوگا، عمران خان کے ساتھ سب کو کھڑا ہونا پڑے گا۔
زرتاج گل نے مزید کہا کہ 8 فروری کو عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا، 17 نشستوں والی حکومت ہر کسی پر قدغن لگا رہی ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف کو لکھے گئے خط میں ذاتی مفادات پر نہیں بلکہ آئین، قانون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات کی۔








