ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی(نامہ نگار احسان اللہ ایاز) سکھوں کے مذہبی تہوار وساکھی میلے کی تقریبات ننکانہ صاحب میں جوش و خروش سے شروع ہو گئیں۔ دنیا بھر سے سکھ یاتری گوردوارہ جنم استھان پہنچ رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤنے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گوردوارہ کا دورہ کیا، جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنر، پولیس، ریسکیو سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈی سی نے سیکیورٹی، عارضی ہسپتال، سکینر مشینیں، لنگر خانہ، رہائش اور پارکنگ ایریا کی سہولیات کا بغور معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں یاتریوں کے لیے بنائے گئے خصوصی وارڈز کا بھی جائزہ لیا۔ تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جن میں سیکیورٹی، صحت، رہائش اور لنگر کے فول پروف انتظامات شامل ہیں۔

وساکھی میلہ 15 اپریل تک جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، اور سکھ یاتریوں کے لیے بہترین سہولیات یقینی بنائی گئی ہیں۔

Shares: