وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے 27 سالہ بینائی سے محروم نوجوان ارل حسین نے ملاقات کی، جس نے 2024ء کی بیچ میں سی ایس ایس امتحان پاس کرکے فارن سروس گروپ حاصل کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ارل حسین کی کامیابی کو صوبے کے لیے فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ارل حسین نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر عزم مضبوط ہو تو کوئی محرومی انسان کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتی۔”
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومتِ سندھ خصوصی افراد کے لیے تعلیم، تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ "میں چاہتا ہوں کہ انکلوژو سٹی (Inclusive City) اور دیگر اداروں کے تعاون سے خصوصی بچوں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت دی جائے، تاکہ وہ بھی قومی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔”وزیراعلیٰ سندھ نے ارل حسین کی ہمت، محنت اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی کامیابی نوجوانوں کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال ہے۔ اُنہوں نے کہا، "مجھے پورے صوبے بلکہ پورے ملک سے ایسے لوگوں کا ساتھ چاہئے جو خصوصی افراد کی ترقی، تعلیم اور برابری کے مواقع کے لیے مخلص جذبے کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔”
ارل حسین نے وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی معاونت اور اہلِ خانہ کے حوصلے نے اُنہیں کامیابی کے اس مقام تک پہنچایا۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی خدمت کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ذرائع کے مطابق ارل حسین کا تعلق سندھ کے ایک متوسط گھرانے سے ہے، اور وہ بچپن سے ہی بینائی سے محروم ہیں۔ تاہم، اُنہوں نے تعلیم کے میدان میں ہمت نہ ہاری اور اپنی محنت و عزم سے وہ کارنامہ انجام دیا جو کئی مکمل بینائی رکھنے والے افراد بھی نہیں کر پاتے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ملاقات کے اختتام پر ارل حسین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اُنہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور ہدایت دی کہ صوبے میں خصوصی افراد کے لیے مزید تعلیمی مواقع پیدا کرنے کی حکمتِ عملی پر جلد عمل درآمد کیا جائے۔








