ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر، جواد اکبر)ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائیاں، جون میں 8231 افراد کو امداد
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان انجینیئر احمد کمال کی زیر صدارت گزشتہ ماہ کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں جون 2025 کے دوران ادارے کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 نے جون کے مہینے میں 828 روڈ ٹریفک حادثات، 66 آتشزدگی، 221 لڑائی جھگڑوں، 6008 میڈیکل ایمرجنسیز، 5 عمارتیں گرنے کے واقعات، پانی میں ڈوبنے کے 7 کیسز اور 1064 متفرق نوعیت کے حادثات میں بروقت ریسپانس دیتے ہوئے امدادی سرگرمیاں سر انجام دیں۔ مجموعی طور پر 8231 مریضوں کو ریسکیو کیا گیا جن میں سے 5171 افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 2918 زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
انجینیئر احمد کمال نے بتایا کہ تمام ایمرجنسیوں میں ریسپانس ٹائم کو مؤثر انداز میں برقرار رکھا گیا، جو ادارے کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔ تاہم، انہوں نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ ادارے کو موصول ہونے والی 40798 کالز میں سے 26831 کالز غیر متعلقہ، 8 غلط اور 13 جھوٹی کالز تھیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی نمبرز کا استعمال صرف حقیقی ضرورت کے وقت کیا جائے، کیونکہ جھوٹی یا غیر ضروری کالز نہ صرف ادارے کا وقت ضائع کرتی ہیں بلکہ اصل ایمرجنسی میں کسی کی جان بچانے میں تاخیر کا سبب بن سکتی ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے یقین دلایا کہ ریسکیو 1122 اپنی خدمات کا معیار مزید بہتر بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور عوام کے تعاون سے ہی ہنگامی صورتحال میں مؤثر ردعمل یقینی بنایا جا سکتا ہے۔








