ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں روڈ بحالی پروگرام کو تین ماہ اندر مکمل کرنے کے احکامات جاری

معیار یقینی بنانے کیلئے روڈ کٹ لگائے جائیں گے۔محکمے کلیئرنگ سر ٹیفکیٹ دینے کے پابند ہوں گے

ڈیرہ غازیخان (بیوروچیف قیصرعباس جعفری)ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں روڈ بحالی پروگرام کو تین ماہ اندر مکمل کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں معیار یقینی بنانے کیلئے روڈ کٹ لگائے جائیں گے۔محکمے کلیئرنگ سر ٹیفکیٹ دینے کے پابند ہوں گے۔حکومت پنجاب نے سڑکوں کے منصوبوں کیلئے ڈویژنل اور ضلعی مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دے دیں

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت ڈویژنل مانیٹرنگ کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک،محمد سلمان لودھی،خالد پرویز،ڈاکٹر منصور بلوچ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی،ڈپٹی ڈائریکٹرز انعم حفیظ،امیر مسلم،ایس ای ہائی ویز راؤ دلشاد،ایگزیکٹو انجینئرز محمد وقاص،آصف باجوہ اور دیگر افسران موجود تھے۔

کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ سڑکوں کی مرمت کا کام تین ماہ کے اندر مکمل ہونا چاہیے۔فنڈز مختص ہونے پر سڑکوں کی تعمیر میں تاخیر برداشت نہیں ہوگی۔میٹریل کا معیار یقینی بنانے کیلئے روڈ کٹ لگائے جائیں گے۔کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی انسپکشن ٹیم کے ساتھ دیگر ذرائع سے بھی منصوبوں کا معیار چیک کرایا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ آبادی والے علاقوں میں پانی کی نکاسی کیلئے روڈز کے کنارے ڈرینز بنائی جائیں۔ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیاد سے قبل مکمل ہونا چاہئے۔معیاری کام کیلئے متعلقہ ایکسیئن سرٹیفکیٹ دینے کا پابند ہوگا۔ڈپٹی کمشنرز سکیموں کا ہفتہ میں کم سے کم ایک وزٹ لازمی کریں۔مالی بدعنوانی ثابت ہونے پر انٹی کرپشن کے مقدمات اور دیگر قانونی کارروائی کریں گے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں روڈ بحالی پروگرام میں 20 منصوبے شامل ہیں جن میں سے آٹھ سڑکیں مکمل کرلی گئیں ہیں۔منصوبوں پر ساڑھے تین ارب روپے خرچ کرلئے گئے۔رواں بجٹ میں چار ماہ کیلئے 92 کروڑ روپے مختص کرکے ساڑھے 27 کروڑ روپے جاری کردئیے گئے ہیں۔

Leave a reply