فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے بجلی چوری اور لاکھوں روپے کے بلوں کی عدم ادائیگی پر سخت اقدام اٹھاتے ہوئے فیصل آباد کے نواحی گاؤں 431 گ ب کی بجلی مکمل طور پر منقطع کردی ہے۔

فیسکو حکام کے مطابق گاؤں 431 گ ب میں اکثر صارفین ڈائریکٹ کنڈے ڈال کر بجلی چوری کر رہے تھے، جس کی متعدد بار نشاندہی کے باوجود صورت حال میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ حکام نے بتایا کہ گاؤں میں بجلی چوری کے 100 سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں اور گاؤں کے رہائشیوں پر مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے سے زائد کے بجلی بل واجب الادا ہیں۔فیسکو ترجمان کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام نے بارہا وارننگز جاری کیں، لیکن اس کے باوجود بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کا سلسلہ جاری رہا۔ اس صورت حال کے پیش نظر کمپنی نے مین سپلائی لائن سے گاؤں کو فراہم کی جانے والی بجلی کی فراہمی معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ جب تک صارفین اپنے بقایاجات ادا نہیں کرتے، گاؤں کی بجلی منقطع رہے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فیسکو کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، اور کمپنی کسی صورت بجلی چوروں کے خلاف نرمی برتنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔

فیسکو کی اس کارروائی پر مقامی افراد کی جانب سے ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بعض افراد نے اس اقدام کو درست قرار دیا جبکہ دیگر کا کہنا ہے کہ پورے گاؤں کو سزا دینا زیادتی ہے، کیونکہ کچھ صارفین بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں۔دوسری جانب فیسکو حکام کا کہنا ہے کہ اگر کوئی صارف اپنی ادائیگیاں کلیئر کرتا ہے تو ان کا کنکشن انفرادی طور پر بحال کیا جا سکتا ہے، تاہم گاؤں کی اجتماعی بجلی بحالی صرف واجب الادا رقم کی مکمل ادائیگی کے بعد ہی ممکن ہو سکے گی۔

Shares: