گوجرانوالہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گزشتہ روز پولیس لائنز گوجرانوالہ میں شہدائے پولیس کی فیملیز کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ، ایس ایس پی آپریشنز رضا تنویر اور دیگر سینئر افسران سمیت شہدائے پولیس کی فیملیز نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز یادگارِ شہداء پر سلامی سے کیا گیا، جس کے بعد شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز شہداء کے اہل خانہ سے کروایا گیا۔ اس دوران پولیس لائن گوجرانوالہ میں شہداء کے نام سے ان کی فیملیز کے ہاتھوں پودے لگوائے گئے۔ اس کے علاوہ شہداء کے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے، جبکہ آر پی او اور دیگر افسران نے بھی شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے۔
بعد ازاں، آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے آئی جی پنجاب کے احکامات پر شہداء کی فیملیز میں پولیس میڈلز اور گفٹس تقسیم کیے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی قربانیوں کی بدولت پولیس کا مورال بلند ہوا اور قانون کی بالادستی قائم ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، اور پولیس فورس ان کے اہل خانہ کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔
ریجنل پولیس آفیسر نے اس موقع پر گوجرانوالہ ریجن میں مزید شجرکاری مہم کے احکامات جاری کیے، اور کہا کہ درخت ہمیں آکسیجن فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی اور قدرتی آفات کے اثرات سے بچاؤ میں مدد دیتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر آر پی او، ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر افسران نے شہدائے پولیس کی فیملیز کے ساتھ مل کر افطاری کی اور ان کے مسائل بھی دریافت کیے۔








