کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات کے سلسلے میں گرفتار کیے گئے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بے گناہ کارکنوں کے لیے عام معافی کی تجویز پیش کی ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ جو کارکن لاعلمی میں یا دھوکے میں بیرونی سازش کا شکار بنے، انہیں معاف کر کے رہا کیا جانا چاہیے۔9 مئی کے واقعات نے ملک میں بے چینی اور سیاسی انتشار کو جنم دیا، تاہم یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہر گرفتار شخص مجرم نہیں ہوتا۔ پی ٹی آئی کے کچھ عناصر نے جان بوجھ کر بیرونی سازش کا حصہ بن کر ملک کے خلاف اقدامات کیے، جبکہ بعض افراد لاعلمی اور جذباتی کیفیت میں ان سازشوں کا شکار بن گئے
گورنر سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ان کارکنوں کی شناخت کی جائے جو حقیقتاً بے گناہ ہیں اور جنہیں محض سیاسی وابستگی یا غلط معلومات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کے لیے عام معافی کا اعلان کر کے ایک مثبت پیغام دیا جا سکتا ہے، جس سے ملک میں سیاسی مفاہمت کی راہ ہموار ہوگی،ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے سیاسی قوتوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا، اور انتقامی سیاست سے گریز کرتے ہوئے نوجوانوں کو دوبارہ قومی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
