اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) قدیم شہر اوچ شریف کے نواحی علاقے اوچ موغلہ میں بزرگانِ دین کے مزارات خستہ حالی کا شکار ہیں۔ محکمہ آثار قدیمہ اور محکمہ اوقاف کی عدم توجہی کے باعث یہ مقدس مقامات تیزی سے زبوں حالی کی طرف بڑھ رہے ہیں، جس پر اہلِ علاقہ اور زائرین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
حضرت جمال درویش اور حضرت گنج علم دریا کے مزارات کی چھتیں بارش سے ٹپکنے لگی ہیں، دیواریں ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں، فرش اکھڑ گیا ہے اور دروازے بوسیدہ ہو چکے ہیں، جس سے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مزارات کے اطراف گندگی اور کچرے کے ڈھیر لگے ہونے کے باعث تعفن پھیل چکا ہے، جس سے زائرین کی عبادات متاثر ہو رہی ہیں۔ ملک بھر سے آنے والے عقیدت مندوں نے مزارات کی ابتر حالت پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ آثار قدیمہ اور محکمہ اوقاف بحالی کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہے۔
اہلِ علاقہ اور زائرین نے حکومت، محکمہ آثار قدیمہ اور محکمہ اوقاف سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر ان تاریخی مزارات کی بحالی اور حفاظت کو یقینی بنایا جائے، تاکہ یہ مقدس مقامات مزید تباہی سے بچ سکیں۔