اسلام آباد: پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے کہ اگر بھارت کی جانب سے پاکستان کی جانب کسی بھی قسم کی جوابی کارروائی کی جاتی ہے، تو پاکستان بھارت کے اہم اور حساس اقتصادی اہداف کو نشانہ بنائے گا۔

پاکستان کی فوجی اور سیاسی قیادت نے اس بات کا عزم کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی قسم کی پیشگی یا جوابی کارروائی کا فیصلہ مکمل طور پر پاکستان کے مفادات اور سلامتی کے تناظر میں کیا جائے گا۔ اس فیصلے کی روشنی میں پاکستان بھارت کے ایسے اہداف کو نشانہ بنائے گا جو بھارت کی اقتصادی اور حکومتی استحکام کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے اس فیصلے کا مقصد نہ صرف دفاعی حکمت عملی کو مضبوط کرنا ہے بلکہ بھارت کو اس بات کا واضح پیغام دینا ہے کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا دائرہ وسیع ہے اور وہ ہر قسم کے خطرات کا مناسب جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

پاکستان نے بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزیوں کے جواب میں "آپریشن بنیان المرصوص” کا آغاز کر دیا ہے۔پاکستان نے گجرات، راجھستان اور نئی دہلی میں بھارت کی ملٹری تنصیبات پر حملے شروع کردیئے۔ اس آپریشن کا مقصد بھارت کی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانا ہے۔اب تک پاکستان نے بیاس میں براہموس کی سٹوریج جہاں سے پاکستان پر میزائل داغے گئے، کو تباہ کر دیا گیا ہے ،ائیر بیس ادھم پور کو تباہ کر دیا گیا ہے،اطلاعات کے مطابق پٹھان کوٹ میں ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے,

پاکستان نے بھارتی جارحیت کے بعد مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس وقت پاکستان کی افواج بھارت کے جارحانہ اقدامات کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور دشمن کے عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جوابی کارروائی نہایت منظم اور حکمت عملی کے تحت کی جا رہی ہے، جس میں دشمن کے حساس مقامات پر ہدف بنا کر حملے کیے جا رہے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے رات گئے پریس بریفنگ میں تصدیق کی کہ بھارت نے اپنے جنگی طیاروں کے ذریعے پاکستانی فضائی اڈوں پر فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے، تاہم پاکستانی ایئر ڈیفنس سسٹم نے زیادہ تر میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا اور پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ رہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی میں پاکستان نے بھارت کے 12 ڈرونز کو مار گرایا جبکہ دشمن کے متعدد فوجی ہلاک ہوئے۔ مزید برآں، اطلاعات کے مطابق بھارت نے اپنے ہی ملک میں 6 بیلسٹک میزائل غلطی سے گرا دیے۔

پاکستان نے جارحیت کے خطرے کے پیش نظر ملک کی فضائی حدود کو ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند کر دیا ہے۔ ایوی ایشن حکام کے مطابق، یہ بندش آج صبح 3:15 سے دوپہر 12 بجے تک جاری رہے گی۔

ادھر، راولپنڈی، لاہور اور دیگر شہروں میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے بھارتی حملے کی شدید مذمت کی۔ نور خان ایئر بیس کے باہر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی، جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ "ہم تمہاری طاقت، مکاری اور جارحیت سے مرعوب ہونے والی قوم نہیں، اب تم صرف ہمارے جواب کا انتظار کرو۔”

عالمی سطح پر بھی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، امریکی اور برطانوی رہنماؤں نے دونوں ممالک سے کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی ہے، تاہم خطے میں تناؤ بدستور برقرار ہے۔

Shares: