لاہور(خالدمحمودخالد) بھارت میں صدر، وزیراعظم، فوجی سربراہان، چیف جسٹس صاحبان اور ارکان اسمبلی کی تنخواہیں منظر عام پر آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں صدرمملکت سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا سرکاری عہدہ ہے جس کی تنخواہ پانچ لاکھ روپے ماہانہ ہے۔ یہ تنخواہ کسی بھی قسم کے ٹیکسوں سے مستثنیٰ ہے۔ صدر مختلف مراعات بھی حاصل کرتے ہیں جس میں ٹرین کا سفر اور ہوائی جہاز میں دنیا بھر میں مفت سفر، مفت رہائش، طبی سہولیات شامل ہیں۔ دفتری اخراجات کے لیے سالانہ ایک لاکھ روپے ان کی تنخواہ کے علاوہ ہیں۔ وہ راشٹرپتی بھون میں رہتے ہیں جو دنیا بھر میں کسی بھی صدر کی سب سے بڑی رہائش گاہ ہے۔ بھارت میں نائب صدر ملک کا دوسرا سب سے بڑا آئینی عہدہ ہے۔ بھارت کے نائب صدر کی تنخواہ چار لاکھ روپے ماہانہ ہے جب کہ دیگر مراعات اور الاؤنسز میں مفت رہائش، طبی سہولیات، ٹرین اور ہوائی سفر، ایک لینڈ لائن کنکشن، موبائل فون سروس، ذاتی تحفظ، اور عملہ شامل ہیں۔ بھارت میں وزیر اعظم کی تنخواہ ایک لاکھ چھیاسٹھ ہزار روپے ماہانہ ہے۔ان کی دیگر مراعات میں پینتالیس ہزار روپے کا پارلیمانی الاؤنس، اور دو ہزار روپے کا یومیہ الاؤنس۔ سرکاری رہائش، اسپیشل پروٹیکشن گروپ کی سیکیورٹی، سرکاری گاڑیوں اور ہوائی جہاز کا سفر، اور بین الاقوامی دوروں کے لیے سرکاری ادا شدہ سفر کے علاوہ قیام اور کھانے کے اخراجات شامل ہیں۔ بھارتی ممبر پارلیمنٹ کی تنخواہ ایک لاکھ روپے ماہانہ اور پارلیمنٹ کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے دو ہزار روپے یومیہ الاؤنس، کمیٹی کے اجلاسوں اور سڑک کے سفر کے لیے سولہ روپے فی کلومیٹر سفری الاؤنس شامل ہیں۔ ممبران پارلیمنٹ کو پنتالیس ہزار روپے روپے ماہانہ حلقہ الاؤنس اور پینتالیس روپے ماہانہ دفتری اخراجات کا الاؤنس بھی ملتا ہے۔ چیف جسٹس آف انڈیا دو لاکھ اسی ہزار روپے ماہانہ تنخواہ لیتے ہیں جبکہ فوج، ائر فورس اور بحریہ کے سربراہان کی ماہانہ تنخواہیں ماہانہ ڈھائی ڈھائی لاکھ روپے فکس ہے۔