اسلام آباد دھرنے کے لیے جارہے ہیں، دیکھتے ہیں کون ہم پرلاٹھیاں برساتا ہے،شیر افضل
اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد دھرنے کے لیے جارہے ہیں، ہمیں 30 ہزار تگڑے نوجوان درکار ہیں،دیکھتے ہیں کون ہم پرلاٹھیاں برساتا ہے۔
باغی ٹی وی : ایک بیان میں انہوں نے مخصوص نشستوں پرحلف نہ لینے کے علی امین گنڈاپور کے بیانیے کی بھی تائید کرتے ہوئےکہا کہ مخصوص نشستیں مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی کو کیسے دی جاسکتی ہیں ہم اسلام آباد دھرنے کے لیے جارہے ہیں، ہمیں 30 ہزار تگڑے نوجوان درکار ہیں، دھرنے میں 30ہزار لوگ ہوں گے دیکھتے ہیں کون ہم پرلاٹھیاں برساتا ہے، ہم مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے علی امین گنڈاپورکےبیانیے کی تائید کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت اور گلوکار سلمان احمد کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظی جنگ چھڑ گئی ہے، ایک طرف سلمان احمد نے شیر افضل مروت کو ”رانگ نمبر“ قرار دیا تو جواباً شیر افضل مروت نے انہیں 5 اپریل تک انتظار کرنے کا کہہ دیا۔
سلمان احمد نے ”ایکس“ پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ’شیر افضل مروت آپ نے اپنے لیڈر کا غلط فائدہ اٹھایا، عمران خان نے آپ کو سائیڈ لائن کرکے درست کیا، خرم روکھڑی کی طرح آپ بھی رانگ نمبر ہیں، انہوں نے یوٹیوبر عادل راجا اور حیدر مہدی کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ سچائی کی نشاندہی کرنے پر وہ ان دونوں کی حمایت کرتے ہیں-
جس کے جواب میں شیر افضل مروت نے لکھا کہ ’آپ کا بیان آپ کی سوچ کا عکاس ہے، ایسے تنازع سے آپ لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرنا چاہتے ہیں، آپ اور آپ جیسے دو غداروں سے میری سوشل میڈیا ٹیم نمٹ لے گی، 5 اپریل تک انتظار کریں، آپ کو جواب ضرور دیا جائے گا-