مغربی ایران میں اسرائیلی دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنانے کی کوشش کے دوران پاسداران انقلاب کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اتوار کو ایران کے مغربی علاقے خرمآباد میں دو ایرانی پاسدارانِ انقلاب اُس وقت شہید ہو گئے جب وہ اسرائیلی حملوں کے بعد علاقے میں بچ جانے والے دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔
تسنیم نیوز ایجنسی نے پاسدارانِ انقلاب کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’اتوار کو خرمآباد میں صہیونی حکومت کی جارحیت کے نتیجے میں باقی رہنے والے دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بناتے ہوئے پاسدارانِ انقلاب کے 2 اہلکار شہید ہو گئے‘۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان 13 جون کو شروع ہونے والی 12 روزہ جنگ میں اسرائیلی فضائی حملوں نے شدت اختیار کی، جس کے بارے میں اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ ان کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا تھا، جس کی ایران مسلسل تردید کرتا آیا ہےاس جنگ کے دوران اسرائیلی حملوں میں ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈر، پاسدارانِ انقلاب کے اہلکار اور بعض ممتاز جوہری سائنسدان بھی شہید ہوئے۔
ایرانی عدلیہ کے مطابق، ان حملوں میں پورے ملک میں 900 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ ایران کے جوابی میزائل حملوں میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل میں کم از کم 28 افراد ہلاک ہوئے، ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی 24 جون کو نافذ ہوئی۔