لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے عوامی ایجنڈا کے تحت محکمہ کھیل خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ خیبر کے تعاون سے خیبر سپورٹس فیسٹیول 2024 کا باقاعدہ افتتاح ہوگیا ہے۔ فیسٹیول میں کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب حمزہ بابا سپورٹس گراؤنڈ جبکہ فٹبال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب ہائی اسکول گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔

افتتاحی تقاریب میں اسسٹنٹ کمشنر لنڈیکوتل عدنان ممتاز، تحصیلدار لنڈیکوتل حاجی تیمور آفریدی، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر خیبر راہد گل ملاگوری، جنرل سیکریٹری خیبر سپورٹس کلب کلیم اللہ شینواری اور منظور شینواری نے شرکت کی۔ اس موقع پر کرکٹ اور فٹبال کے کھلاڑیوں سمیت بڑی تعداد میں شائقین بھی موجود تھے۔

فیسٹیول کا افتتاح 10 اکتوبر سے شروع ہو چکا ہے اور یہ 15 اکتوبر تک جاری رہے گا، جس میں تحصیل لنڈیکوتل، باڑہ، جمرود اور ملاگوری کے علاقوں میں ولی بال، فٹ بال اور کرکٹ کے میچز منعقد کیے جائیں گے۔ ان مقابلوں میں مجموعی طور پر 54 ٹیمیں اور 612 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر لنڈیکوتل عدنان ممتاز نے افتتاحی تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر سپورٹس فیسٹیول کا مقصد علاقے کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور ان کے پوشیدہ ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر ہمیشہ سے کھیلوں کی دنیا میں زرخیز رہا ہے اور یہاں کے کئی کھلاڑی نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔

ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راہد گل ملاگوری نے کہا کہ محکمہ کھیل کی جانب سے اس قسم کے سپورٹس میلوں کا مقصد نوجوانوں کو منشیات جیسی لعنت سے بچانا اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ اپنے علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کر سکیں۔

ادھرباڑہ میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے خیبر سپورٹس فیسٹیول 2024 کا آغاز منڈی کس گراؤنڈ میں کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر باڑہ شہاب الدین اور تحصیلدار باڑہ داؤد آفریدی نے تقریب کے مہمانانِ خصوصی کے طور پر ایونٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں مقامی افراد، نوجوانوں اور کھلاڑیوں نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر شہاب الدین نے کہا کہ کھیل صحت مند معاشرے کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیسٹیول کا مقصد علاقے کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے، جس سے نہ صرف ان کی جسمانی و ذہنی صحت میں بہتری آئے گی بلکہ وہ معاشرتی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکیں گے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے خیبر سپورٹس فیسٹیول 2024 کے کامیاب انعقاد پر محکمہ کھیل خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ خیبر کا شکریہ ادا کیا۔

Shares: