جنوبی وزیرستان ،مسجد میں دھماکہ،جے یوآئی کےضلعی امیر زخمی

mosq

جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک بازار کی ایک مسجد میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں جے یو آئی کے ضلعی امیر عبداللہ ندیم سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا مسجد میں نصب دھماکہ خیز مواد کے سبب ہوا۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) آصف بہادر نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد مسجد کے اندر نصب کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے جن میں جے یو آئی کے ضلعی امیر عبداللہ ندیم بھی شامل ہیں۔اس دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تحقیقات میں مصروف ہیں تاکہ دھماکے کے اسباب اور ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل نوشہرہ کے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی مسجد میں بھی خودکش حملہ ہوا تھا، جس میں جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا حامد الحق سمیت 8 افراد شہید اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔ یہ حملہ بھی مذہبی رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی ایک کوشش کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔

اس واقعہ کے بعد علاقے میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ ایسے حملوں کا سدباب کیا جا سکے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کی جا سکے۔

More posts