وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کے کل ہونے والے احتجاج کے حوالے سے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی قسم کی نرمی کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے واضح کیا کہ احتجاج کا حق ہر کسی کو ہے، لیکن اس وقت ملک میں عالمی رہنماؤں کی موجودگی کے دوران احتجاج کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان کے دورے پر ہیں اور اسلام آباد میں اہم عالمی تقریبات جاری ہیں، ایسے میں پی ٹی آئی کا احتجاج مناسب نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کل احتجاج کی کال دی ہے، جبکہ اسلام آباد انتظامیہ نے جلسے کے لیے مخصوص جگہ کا تعین کر دیا ہے، لیکن اگر کوئی گروہ مقررہ مقام سے ہٹ کر قانون شکنی کرے گا تو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت نے سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی کوتاہی نہیں برتی ہے اور کل کے احتجاج کے پیش نظر انتہائی سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ "ہم نے پہلے ہی فوج اور پیراملٹری فورسز کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے، اور احتجاج کو روکنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے،” انہوں نے کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور چین کے وفود بھی پاکستان پہنچ رہے ہیں، جن کی حفاظت کے لیے کنٹینرز کھڑے کرنا حکومت کی مجبوری بن چکی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کسی قسم کی بدامنی اور ملک کی بدنامی کو روکنا ہے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان میں کئی سال بعد ایک اہم عالمی کانفرنس منعقد ہو رہی ہے، جو کہ پاکستان کی عالمی سطح پر کامیابی اور ساکھ کے لیے نہایت ضروری ہے۔ "ایس سی او کانفرنس کی کامیابی ہر پاکستانی کی کامیابی ہے، اور پی ٹی آئی کو چاہیے کہ احتجاج کی کال دینے سے پہلے ملک کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھے،” انہوں نے کہا۔وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ احتجاج کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر ملک کی بدنامی ہو یا کوئی شرمندگی کا باعث بنے۔ "احتجاج کرنا آپ کا حق ہے، لیکن ان دس سے بارہ دنوں میں نہیں جب عالمی رہنما پاکستان میں موجود ہوں۔ کوئی احتجاج برداشت نہیں کیا جائے گا،” محسن نقوی نے خبردار کیا۔
اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے مولانا سے 25 سالہ تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلق کسی کی خواہش پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ روز کچھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کے پاس سے غلیلیں، پتھر، اور کیلوں والے ڈنڈے برآمد ہوئے ہیں۔ "اگر یہ محض احتجاج ہوتا، تو ایسی تیاری نہ کی جاتی،” انہوں نے کہا۔محسن نقوی نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ ملک کے مفاد کو دیکھیں اور احتجاج کی کال واپس لیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور کسی بھی قسم کی گڑبڑ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Shares: