ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ کے چیئرپرسن برگیڈئیر (ر) بابر علاءالدین نے ننکانہ صاحب کا طویل دورہ کیا۔ ان کے استقبال کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر، ڈی پی او سید ندیم عباس اور دیگر ضلعی افسران موجود تھے۔

چیئرپرسن کی زیر صدارت ڈی سی کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جہاں انہیں سی ایم انیشیٹوز، ترقیاتی منصوبوں، کسان کارڈ، ہمت کارڈ، گرین ٹریکٹر اسکیم اور دیگر حکومتی پروگرامز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈی پی او دفتر میں ضلعی پولیس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور نئی بلڈنگ کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا گیا۔

چیئرپرسن نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں سے طبی سہولیات اور ڈاکٹروں کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات اور ادویات کے اسٹاک کا بھی معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ ماڈل ریڑھی بازار، بی ایچ یو کھیاڑے کلاں کی ری ویمپنگ اور ڈی سی پارک میں ستھرا پنجاب مہم کے تحت پودا لگایا گیا۔

بابر علاءالدین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے نوجوان افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اہم عہدوں پر نوجوانوں کی موجودگی خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صفائی، صحت، تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کی نگرانی خود وزیراعلیٰ کرتی ہیں۔

چیئرپرسن نے پولیس کو عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت دی اور کہا کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کریں، عوامی مسائل حل کریں اور عوامی سہولت کے لیے اقدامات کریں۔

چیئرپرسن نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں پہلی بار ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام سے صفائی کے معیار میں بہتری آئے گی۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کے لیے حکومت کا ہر اقدام عوام کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنے کے لیے ہے اور ان منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

Shares: