ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار: احسان اللہ ایاز) حالیہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو 1122 کے کمیونٹی سیفٹی ونگ کی جانب سے پولیس لائن اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج برائے خواتین ننکانہ صاحب میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اقدامات سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر اور ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی خصوصی ہدایت پر کیے گئے۔
ورکشاپس کے دوران شرکاء کو ایمرجنسی حالات میں بروقت ردعمل، احتیاطی تدابیر اور ایمرجنسی انخلاء کی عملی مشقیں کروائی گئیں۔ اس تربیت میں تعلیمی اداروں میں قائم کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں (CERT) کے رضاکاروں سمیت طالبات کو شامل کیا گیا، تاکہ قدرتی آفات یا کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بروقت اور مؤثر امداد فراہم کی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے تربیتی عمل کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی ایمرجنسی ٹیمیں ہمہ وقت تیار ہیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تربیت صرف تیاری کے لیے نہیں بلکہ رضاکاروں کو مزید مؤثر اور باصلاحیت بنانے کے لیے دی جا رہی ہے، تاکہ کسی بھی غیر معمولی حالات میں بہتر خدمات ممکن بنائی جا سکیں۔