اوکاڑہ( نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات نہ صرف ضلعی ٹریفک کنٹرول اتھارٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں بلکہ اس کی نااہلی بھی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ رواں ماہ کے ابتدائی تین ہفتوں میں ضلع بھر سے 965 روڈ حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 17 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں، جب کہ سینکڑوں مرد، خواتین اور بچے زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل اوکاڑہ میں 557، دیپالپور میں 274 اور رینالہ خورد میں 134 حادثات رپورٹ ہوئے۔ ان حادثات میں 90 سے 95 فیصد موٹر سائیکل شامل ہیں، جو تیز رفتاری اور بے ہنگم ٹریفک کی علامت ہیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک کنٹرول اتھارٹی شاہراہوں پر قانونی حفاظت کے لیے ہر ماہ کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے، لیکن عملی کارکردگی صفر ہے۔ سڑکوں پر قانون کی حکمرانی دکھائی نہیں دیتی، جبکہ افسران صرف عہدوں کے تمغے سجائے بیٹھے ہیں۔

عوام نے ڈی پی او محمد راشد ہدایت سے سوال کیا ہے کہ اگر کسی اور جرم پر فوری نوٹس لیا جا سکتا ہے، تو روڈ حادثات میں ملوث نااہل عناصر کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟

عوامی مطالبہ ہے کہ فوری ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع اور عمر بھر کی معذوری جیسے حادثات سے بچا جا سکے اور ٹریفک قانون کی بالا دستی یقینی ہو۔

Shares: