اوکاڑہ یونیورسٹی اور سنٹر فار ایکسیلنس آف بووائن جنیٹکس میں باہمی تعاون پر میٹنگ

اوکاڑہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ یونیورسٹی اور سنٹر فار ایکسیلنس آف بووائن جنیٹکس میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال

تفصیلات کے مطابق سنٹر فار ایکسیلنس آف بووائن جنیٹکس رینالہ خورد کے ایک وفد نے اوکاڑہ یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد کے ساتھ باہمی تعاون کے امور پہ تبادلہ خیال کیا۔

اس وفد میں برگیڈئیر ڈاکٹر محمد علی، میجر ڈاکٹر حمیرا حیدر اور کیپٹن ڈاکٹر ارسلان طارق شامل تھے۔ دونوں فریقین نے جنیٹکس ریسرچ کے میدان میں ایک دوسرے کے وسائل اور صلاحیتوں سے مستفید ہونے میں دلچسپی ظاہر کی۔

اس موقع پر فیکلٹی آف لائف سائنسز کے اساتذہ ڈاکٹر سلیم خان، ڈاکٹر سائرہ ستار اور قاری ریاض بھی موجود تھے۔میٹنگ کے بعد وفد نے وائس چانسلر کی سربراہی میں اوکاڑہ یونیورسٹی کی بائیو ٹیکنالوجی لیب ، زوآلوجی جنیٹکس لیب اور پیلانٹالوجی لیب کا دورہ کیا ۔

آرمی آفیسرز نے ان لیبارٹریوں میں موجود سہولیات اور خاص طور پہ پروفیسر واجد کی فوسلز کولیکشن کو بے حد سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل کے تحقیقی پراجیکٹس کےلیے ان سہولیات سے فائدہ اٹھائیں گے۔

وفد نے پروفیسر واجد کو دعوت دی کہ وہ ان کے ایمبریو ٹرانسفر ڈویژن میں آ کر ایف ون جنیٹکس پہ ایک سیر حاصل لیکچر دیں۔ پروفیسر واجد نے سنٹر فار ایکسیلنس آف بووائن جنیٹکس اور ایمبریو ٹرانسفر ڈویژن میں اوکاڑہ یونیورسٹی کی جانب سے شجر کاری کرنے کا بھی اعلان کیا۔

دونوں فریقین نے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور ایک دوسرے کے وسائل سے مستفید ہونے کےلیے میٹنگز کو باقاعدگی سے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Comments are closed.