اوکاڑہ(باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ر فرخ عتیق خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راشد ہدایت نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر امن کے فروغ کے لیے ہر مکتبہ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ امن کمیٹی کے ممبران اور تمام مسالک کے علمائے کرام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رہ سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ فرائض کی انجام دہی کے لیے موثر انداز میں حکمت عملی بنائیں۔ انہوں نے تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلعی سطح پر تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے انتظامات کریں۔
ڈی پی او نے کہا کہ پولیس عوام کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے احسن انداز میں اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی کے ممبران اور تمام مسالک کے علمائے کرام نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔








