اسلام آباد میں ایئر ہیڈکوارٹرز میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمال قادی اوغلو کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفد کی آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور ترک فضائیہ کے کمانڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات میں خطے کی بدلتی سلامتی صورتحال، جاری دفاعی تعاون میں پیش رفت اور جدید جنگ کے نئے شعبوں میں شمولیت پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ایئرچیف مارشل نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مذہبی عقائد اور اسٹریٹجک ہم آہنگی پر مبنی گہرے تعلقات دونوں ممالک کو مزید قریب لارہے ہیں۔ انہوں نے ترک کیڈٹس کی پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں تربیت کو تاریخی سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام آئندہ نسل کے فضائی جنگجوؤں کی تیاری کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

ملاقات میں دونوں فضائی افواج نے مشترکہ تربیت، باہمی مشقوں اور کثیر الجہتی آپریشنز میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترک کمانڈر نے بھارت کے ساتھ تنازع کے دوران پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا اور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں ہونے والی ترقی کو قابلِ تعریف قرار دیا۔ترک فضائیہ کے وفد نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے مابین عسکری کشیدگی سے اخذ شدہ اسباق کا مطالعہ کرنا چاہتا ہے تاکہ اپنی تیاریوں کو مزید مضبوط بنا سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے مشترکہ تجربات سے سیکھنے اور دفاعی تعلقات کو ادارہ جاتی سطح پر مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ترک کمانڈر کا ایئر ہیڈکوارٹرز کا یہ دورہ دونوں ممالک کے اس عزم کی علامت ہے کہ وہ اسٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کریں گے۔

نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی کارروائی، آن لائن جوئے میں ملوث یوٹیوبر مدثر حسن گرفتار

پاکستان میں سرمایہ کاری ،وزیراعظم کی چینی کاروباری شخصیات سے ملاقات

سیلابی صورتحال، یک جہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرین کی مدد کرنی چاہیے،یوسف رضا گیلانی

لاہور، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کا مالک گرفتار

Shares: