پاکستان بھر میں عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اتوار کو شوال کا چاند نظر آ گیا، جس کے بعد عید الفطر کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزا د نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر سے شوال کے چاند کی رویت کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد عید الفطر کا جشن آج پورے پاکستان میں منایا جا رہا ہے۔
مختلف شہروں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ نماز عید کے بعد خصوصی دعائیں کی جا رہی ہیں جن میں امت مسلمہ کی سلامتی، ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں شامل ہیں۔عید الفطر کے دن خاص طور پر میٹھے پکوان جیسے شیر خرما، کھیر، مٹھائیاں، کیک اور دیگر لوازمات تیار کیے جاتے ہیں، جن سے مہمانوں کی تواضع کی جاتی ہے۔ عید کا دن خاندان اور دوستوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا ہوتا ہے، اور پاکستانی عوام اس دن کو اپنے پیاروں کے ساتھ گزار کر ایک دوسرے کے ساتھ محبت و بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں۔
اسلام آباد کی فیصل مسجد، لاہور کی بادشاہی مسجد، کراچی کے پولو گراؤنڈ میں نماز عید کا مرکزی اجتماع ہوا، جس میں اہم حکومتی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی،گورنر ہاؤس سندھ میں بھی نماز عید ادا کی گئی جس میں گورنر کامران ٹیسوری، خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اور دیگر شریک ہوئے، پولو گراونڈ کراچی میں بھی نماز عید ادا کی گئی، جس میں مئیر کراچی سمیت اہم سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی،کراچی بھر میں مجموعی طور پر 4 ہزار سے زائد چھوٹے اور بڑے نماز عید کے اجتماعات ہوئے، جہاں لاکھوں مسلمانوں نے یکجا ہو کر عید کی نماز ادا کی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان، حیدرآباد، سکھر، مردان، سبی، مری، گلگت، سرگودھا، بہاولپور، جھنگ سمیت دیگر بڑے اور چھوٹے شہروں میں بھی عید الفطر کی نماز کے اجتماعات ہوئے جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم اور عالم اسلام کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خوشی کا یہ دن رمضان المبارک کی عبادات اور تقویٰ کے سفر کے بعد نصیب ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر اللہ کا انعام ہے، جو اللہ نے روزے کی مشقت کے بدلے میں دیا ہے۔ صدر نے مزید کہا کہ ہمیں آپس میں بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے تاکہ پاکستان ایک مضبوط اور خوشحال ریاست کے طور پر ابھرے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید کا دن خوشی کا پیغام لے کر آتا ہے اور ہمیں اس دن کو محبت، بھائی چارے اور امن کے پیغام کے طور پر منانا چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عید الفطر اتحاد، ہمدردی اور شکر گزاری کی علامت ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوجی جوان عید کے دن بھی اپنے خاندانوں سے دور رہ کر قوم کے دفاع میں مصروف ہیں اور امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ عید کا دن ہمیں قومی ہیروز کی قربانیوں اور عزم پر غور کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، اور اس دن کو ہم سب میں محبت، یکجہتی اور احترام کے جذبات کو مزید تقویت دینے کے طور پر منائیں۔
عید الفطر کا دن پاکستانی عوام کے لیے خوشی، محبت اور اتحاد کا پیغام لاتا ہے۔ اس دن کی خوشیوں میں غم و خوشی کے تمام فرق مٹا کر ہر فرد ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور احترام کے ساتھ عید کی خوشیوں کا حصہ بن رہا ہے۔