اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) تھانہ اوچ شریف کی حدود میں قومی شاہراہ پر واقع پولیس چوکی مقبول شہید کی غیر فعالیت کے باعث علاقے میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے لیے یہ چوکی محفوظ پناہ گاہ بن چکی ہے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس بڑھ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، چوکی مقبول شہید گزشتہ کچھ عرصے سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر بند ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کچے کے علاقوں سے یہاں گزر کر وارداتیں کر رہے ہیں۔ کپاس کے سیزن کے دوران آڑھتی اور بیوپاری حضرات روزانہ لٹنے پر مجبور ہیں۔ چوکی کی عمارت اب چوروں، ڈاکوؤں اور نشے کے عادی افراد کا مرکز بن چکی ہے، جہاں سے یہ عناصر دیگر ملحقہ علاقوں میں جرائم کی وارداتیں کرتے ہیں۔
اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر چوکی مقبول شہید کو دوبارہ فعال بنایا جائے اور پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں، تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں اور علاقے میں امن و امان بحال ہو۔