نارنگ منڈی (نامہ نگار): چیئرمین سٹی پریس کلب نارنگ، شاہد یوسف کی ہمشیرہ، تحریک منہاج القرآن کے رہنما ساجد سلیم قادری کے ماموں اور محمد یاسین کی بھتیجی کے انتقال پر ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب بیسٹ وے ایجوکیشن اکیڈمی میں منہاج یوتھ لیگ کی جانب سے منعقد کی گئی، جس میں مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔
تقریب کا آغاز نعت خوانی سے ہوا، جس میں ابوبکر بھٹی اور آویز الحسن نے بارگاہِ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ اس موقع پر سٹی پریس کلب نارنگ کے چیئرمین شاہد یوسف، صدر میاں محمد معظم نواز، تحریک منہاج القرآن پی پی 136 کے صدر خرم نثار قادری، میاں شرافت علی، ساجد سلیم قادری، چوہدری نثار احمد گجر، شہباز علی قادری، علی اقبال، ابوبکر بھٹی، میاں اسرار علی، واجد سردار اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران منہاج یوتھ لیگ کی جانب سے ایک نئے فلاحی منصوبے کا اعلان بھی کیا گیا۔ تنظیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ جلد ہی مستحق افراد کے لیے کفن دفن کا انتظام کیا جائے گا۔ جو لوگ اپنے پیاروں کے کفن اور دفن کا انتظام نہیں کر سکتے، وہ منہاج یوتھ لیگ سے رابطہ کرکے مفت کفن حاصل کر سکتے ہیں۔ ایمرجنسی کی صورت میں، لوگ کفن خرید بھی سکیں گے۔
ساجد سلیم قادری اور میاں شرافت علی نے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ آج کی تقریب مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کے لیے منعقد کی گئی ہے اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے۔