پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے حالیہ بیانات پر شدید ردعمل دیا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے فیصل واوڈا کے اس بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واوڈا خود ایک پیادہ ہیں اور انہیں یہ وضاحت دینی چاہیے کہ وہ کس کے کہنے پر "بھگوڑے” بنے ہیں۔ سیف نے سوال اٹھایا کہ واوڈا کن مقاصد اور کس ہدایت پر ایسے بیانات دے رہے ہیں جو نہ صرف پی ٹی آئی بلکہ ملک کی سیاسی صورتحال کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ واوڈا کی جانب سے عمران خان پر الزامات دراصل ایک منظم مہم کا حصہ ہیں جس کے پیچھے کچھ "پوشیدہ ہاتھ” ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصلواوڈا کو یہ وضاحت دینی ہوگی کہ وہ کن قوتوں کے اشارے پر ایسی حرکات کر رہے ہیں جو ملک میں انتشار اور فساد پھیلانے کا باعث بن رہی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ مسلسل سرکاری وسائل اور اداروں کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور مریم نواز کو اپنے ضمیر کا جائزہ لینا چاہیے اور یہ سوچنا چاہیے کہ وہ عوامی نمائندے بننے کے اہل ہیں یا نہیں۔بیرسٹر سیف نے ن لیگ کی ماضی کی سیاسی حکمت عملی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ن لیگ پنجاب کارڈ کا ہمیشہ سے غلط استعمال کرتی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہتے مظاہرین پر گولیاں چلانا جمہوریت کے خلاف بغاوت کے مترادف ہے، اور ن لیگ نے ماڈل ٹاؤن کے سانحے میں نہتے لوگوں پر گولیاں برسائیں۔
بیرسٹر سیف نے موجودہ وفاقی حکومت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کا مینڈیٹ چوری کرکے خود کو زبردستی عوام پر مسلط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ڈنڈا بردار جتھوں نے ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا اور آج بھی وہی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور ان کے "آلہ کار” ملکی اداروں کو سیاست کی بھینٹ چڑھا چکے ہیں، اور ملک کو اس وقت اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ سیاست کو صرف سیاسی اداروں کے حوالے کیا جا سکے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ تصادم کی سیاست وفاقی حکومت کی جانب سے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان نے ہمیں احتجاج کا حق دیا ہے، اور اس حق کو دبانے کے لیے ن لیگ طاقت کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کے مختلف طبقات کو تقسیم کرنے اور اپنی مرضی کے فیصلے مسلط کرنے کے لیے مسلسل تشدد کا سہارا لیا ہے۔بیرسٹر سیف کے مطابق تمام قومیں پاکستانی ہیں اور کسی بھی سیاسی جماعت کو یہ حق نہیں کہ وہ عوامی مسائل کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاست میں اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے سیاسی اداروں کو مضبوط کیا جا سکے۔آخر میں بیرسٹر سیف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سیاست کو گمراہ کن مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے اور ملکی اداروں کو سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔
واضح رہے کہ فیصل واوڈا نے عمران خان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اقتدار کے لیے "لاشیں گرانے” کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ واوڈا کے مطابق عمران خان غریب عوام کے بچوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں اور اقتدار حاصل کرنے کے لیے ان کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کر رہے۔ فیصل واوڈا کا یہ بیان پی ٹی آئی کے اندر اور باہر دونوں جانب ایک بڑی بحث کا باعث بنا ہے۔واوڈا نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ عمران خان صرف اپنے اقتدار کے لیے عوامی جانوں کو داو پر لگا رہے ہیں اور اپنی سیاست کے مقاصد حاصل کرنے کے لیے انتہاپسندانہ رویوں کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، "عمران خان کہتے ہیں کہ میرے اقتدار کے لیے لاشیں گرا دو۔” یہ بیان ملک کے سیاسی اور عوامی حلقوں میں تشویش کا باعث بنا ہے۔
Shares:








