میرپورماتھیلو(نامہ نگار باغی ٹی وی، مشتاق علی لغاری)ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے یومِ آزادی اور چہلم شہدائے کربلا کے پیش نظر سکھر رینج میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔ انہوں نے سکھر، خیرپور میرس اور گھوٹکی کے تمام ایس ایس پیز کو ریلیوں، تقریبات، جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق شرپسند عناصر اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور امن و امان کی فضا ہر صورت قائم رکھی جائے گی۔ ڈی آئی جی سکھر نے تمام ایس ایس پیز کو غیر معمولی حفاظتی انتظامات پر مشتمل فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دینے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
سکولوں، کالجوں، جامعات، پریس کلبوں، جشن آزادی کی تقریبات اور چہلم شہدائے کربلا کے جلوسوں کے راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ان مقامات کے اطراف میں رینڈم اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ اور دیگر سیکیورٹی میئرز کو یقینی بنایا جائے گا۔ تمام اہم مقامات، جلوسوں کے روٹس، چوراہوں، داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
ریلوے اسٹیشنز، بس ٹرمینلز، سرکاری و نجی املاک، گنجان آباد علاقوں اور بازاروں میں موبائل اور موٹر سائیکل گشت میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ ون ویلنگ کرنے والے منچلے نوجوانوں اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی سکھر نے تمام اضلاع میں ضروری سہولیات سے آراستہ کنٹرول رومز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے باخبر رہا جا سکے۔ اقلیتی برادریوں اور ان کی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ چینی باشندوں کی حفاظت کے لیے وضع کردہ ایس او پیز پر بھی سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی نے سیکیورٹی اہلکاروں کو بریفنگ دینے اور ہر وقت الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
اپنے پیغام میں ڈی آئی جی سکھر رینج نے کہا کہ یوم آزادی اور چہلم شہدائے کربلا کے سیکیورٹی پلان کے مطابق تمام افسران و اہلکار مستعدی سے اپنے فرائض انجام دیں۔ کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپرواہی کی صورت میں سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔