سیالکوٹ(باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ایف آئی اے اور انٹرپول کی مشترکہ کارروائی، قتل و اقدام قتل کے 3 بین الاقوامی اشتہاری ملزمان گرفتار
سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن اور انٹرپول نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قتل اور اقدام قتل کے سنگین مقدمات میں ملوث 3 بین الاقوامی اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد کی شناخت آفتاب افضل، ارمان گورائیہ اور محمد امین کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ملزمان کو ریڈ نوٹسز کے تحت متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر کے سیالکوٹ منتقل کیا گیا، جہاں ایف آئی اے امیگریشن نے انہیں قانونی کارروائی کے لیے پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔ آفتاب افضل 2022 سے تھانہ کینٹ گوجرانوالہ، ارمان گورائیہ 2024 سے تھانہ علی پور چھٹہ، جبکہ محمد امین 2020 سے تھانہ صدر ٹوبہ ٹیک سنگھ کو مطلوب تھا۔
یہ گرفتاری ایف آئی اے، انٹرپول اسلام آباد، انٹرپول ابوظہبی اور امیگریشن سیالکوٹ کے مابین قریبی رابطہ کاری کا نتیجہ ہے، جسے حکام نے پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔