سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) پنجاب کالج سٹی ہاؤسنگ کیمپس سیالکوٹ میں سپورٹس گالا اینڈ کلچرل فیسٹیول 2025ء کی رنگا رنگ اور شاندار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی پرنسپل راؤ محمد حسان، وائس پرنسپل بوائز کیمپس پروفیسر راحت لطیف اعوان، وائس پرنسپل گرلز کیمپس پروفیسر محمد عمران اقبال، صدر شعبہ اردو پروفیسر اشفاق نیاز، اسٹاف ممبران اور طلبہ نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز غبارے فضا میں چھوڑ کر کیا گیا۔ مختلف کھیلوں میں طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا، جن میں کرکٹ، رسہ کشی، 100، 200 اور 400 میٹر دوڑ، بیڈمنٹن، فٹ بال، ٹیبل ٹینس، ریلے ریس، بوری ریس اور تھری لیگز ریس شامل تھیں۔
کھیلوں کے ساتھ ساتھ کلچرل فیسٹیول میں بھی طلبہ نے بھرپور جوش کے ساتھ حصہ لیا۔ مختلف ہاؤسز (بلیو، ریڈ، گرین، ییلو) نے پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ثقافت کو نمایاں کیا۔
بلیو ہاؤس نے پروفیسر محمد باقر ڈار اور کیپٹن پروفیسر علیم کی قیادت میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے "سپورٹس ٹرافی 2025ء” اپنے نام کر لی۔ دیگر ہاؤسز کے انچارجز پروفیسر قاسم علی بٹ (ییلو ہاؤس)، پروفیسر اسد شہباز (گرین ہاؤس)، پروفیسر زہیب عارف (ریڈ ہاؤس) اور ان کے کیپٹنز نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شیلڈز اور میڈلز حاصل کیے۔
پرنسپل راؤ محمد حسان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو محنت جاری رکھنے اور کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔
سپورٹس گالا اور کلچرل فیسٹیول کی اس شاندار تقریب میں اساتذہ، طلبہ، اور منتظمین نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی، اور تقریب کا اختتام بھرپور تالیوں اور کامیاب کھلاڑیوں کو انعامات دینے کے ساتھ کیا گیا۔